25/05/2022
حکومت پورے ملک میں گاڑیوں کی ناجائز پکڑ دھکڑ بند کرے اور پکڑی گئی گاڑیوں کو فوری ریلیز کیا جائے۔ ہم حکومت کے اس اقدام کی سخت مذمت کرتے ہیں اور مطالبہ کرتے ہیں کہ دھرنے اور احتجاجیوں سے نمٹنے کے لیے قانونی طور پر کنٹینرز و گاڑیاں حاصل کرے، یوں ٹرانسپورٹرز کو حراساں و پریشان کر کے ہماری مشکلات میں اضافہ نہ کیا جائے۔ اس وقت ایکسپورٹ و امپورٹ والے لوڈڈ کنٹینرز بھی ناجائز طور پر پولیس نے پکڑے ہوئے ہیں جنہیں اگر جلد چھوڑا نہ گیا تو ٹرانسپورٹرز اور تاجروں کو کروڑوں روپے نقصان کا اندیشہ ہے۔ مزید تقریبا تمام بڑے شہروں سے پولیس کے ذریعے ہزاروں گاڑیاں قبضہ میں لی جا چکی ہیں، جنہیں ناجانے کب تک یونہی حراست میں رکھا جائے گا۔ ٹرانسپورٹرز کو ان گاڑیوں کا کسی بھی قسم کا معاوضہ نہیں دیا جاتا بلکہ ادارے یہ تک لکھ کر دینے کو تیار نہیں کہ گاڑی ان کے قبضہ میں ہے۔ گاڑیوں کی اس پکڑ دھکڑ کے خوف سے ٹرانسپورٹرز کی کثیر تعداد نے اپنی گاڑیاں کھڑی کر دی ہیں۔ جس سے ملک کو اور کاروباری طبقہ کو سخت معاشی نقصان ہو رہا ہے۔
حکومت سے ہمیں اس قدر ناانصافی و زیادتی کی توقع نہ تھیں لہذا اب بھی وقت ہے حکومت ٹرانسپورٹرز کو انتہائی قدم اٹھانے پر مجبور نہ کرے۔ جب ہم گاڑی چھڑوانے کی کوشش کرتے ہیں تو ہمیں بتایا جاتا ہے کہ اوپر سے آرڈر ہے ہم کچھ نہیں کر سکتے۔ حکومت نے کنٹینرز سمیت مختلف گاڑیوں کو ابھی سے پکڑنا شروع کر دیا جس سے ٹرانسپورٹرز شدید ذہنی کرب کا شکار ہیں۔
اگر ہماری خلاف قانون و خلاف ضابطہ پکڑی گئی گاڑیوں کو فی الفور نہ چھوڑا گیا تو ہم انتہائی قدم اٹھانے پر مجبور ہوں گے اور اس کی تمام تر ذمہ داری حکومت وقت پر عائد ہو گی۔
۔
منجانب:
آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اونرز ایسوسی ایشن