25/10/2025
ایک سماجی و فکری مطالعہ
زندگی کے نشیب و فراز میں کبھی کبھی ایسے کردار ابھرتے ہیں جو معاشرتی تعصب اور اقتصادی محرومی کے تمام اصول بدل دیتے ہیں۔ ان کرداروں کی داستانیں صرف ان کے لیے نہیں ہوتیں بلکہ ان تمام نوجوانوں کے لیے امید کی شمع ثابت ہوتی ہیں جو تنگ دستی کے اندھیروں سے نکل کر کامیابی کی روشنی تلاش کرتے ہیں۔
ایک مزدور کا بیٹا، جس کی جیب میں کبھی تعلیمی اخراجات پورے کرنے کے پیسے نہیں ہوتے تھے، آج ڈیجیٹل دنیا میں اپنی صلاحیتوں کی بنیاد پر نمایاں مقام حاصل کر رہا ہے۔ اسے یونیورسٹی میں داخلہ تو اپنے طبقے کی بنیاد پر اسکالرشپ ملا، مگر خود کو منوانا اس نے اپنی محنت اور تسلسل سے ممکن بنایا۔ وہ اس حقیقت کی واضح مثال ہے کہ مواقع سب کو نہیں ملتے، مگر جو مواقع ملتے ہیں انہیں سنبھالنا اور سنوارنا بہادروں کا کام ہے۔
یہ نوجوان جب ویب ڈویلپر بن کر جدید ٹیکنالوجی کی دنیا میں قدم رکھتا ہے تو ہر قدم اس کی محنت کا ثبوت ہوتا ہے۔ اس کے سینے میں بلند جذبہ اور ذہن میں ترقی کا خواب موجود ہے۔ اسے نہ خاندان کی کمزور معاشی حالت نے روک سکا، نہ معاشرے کے طنز نے۔ اس نے ثابت کیا کہ عظمت کے لیے شرافت، رزق کے لیے محنت اور عزت کے لیے کردار کا ہونا ضروری ہے، طبقاتی شناخت نہیں۔
تاہم سوال یہاں جنم لیتا ہے کہ ایسے کتنے بچے ہیں جنہیں یہ سنہرا موقع نصیب ہوتا ہے اور وہ اسے حقیقت میں بدلنے کا ہنر رکھتے ہیں؟ اور ایسے کتنے نوجوان ہیں جو تمام سہولتوں کے باوجود اپنی منزل کھو دیتے ہیں؟
بعض بچوں کے لیے دروازے تو کھلے ہوتے ہیں مگر ارادہ بند ہوتا ہے۔ بعض کے پاس کتابیں تو ہوتی ہیں مگر علم کی پیاس نہیں ہوتی۔ گھر والوں کی قربانیاں، بہتر تعلیمی ماحول اور تمام بنیادی ضرورتوں کی فراہمی کے باوجود وہ اپنی صلاحیتوں کی قدر نہیں کرتے اور وقت انہیں خاموشی سے پیچھے چھوڑ جاتا ہے۔
اس کے برعکس کچھ ایسے بھی ہوتے ہیں جن کے پاس نہ کتابوں کی بھرمار، نہ جیب میں پیسے، نہ تعلقات کی طاقت، مگر وہ پھر بھی آگے بڑھ جاتے ہیں۔ وہ اس یقین کے ساتھ چلتے ہیں کہ قسمت لکھنے والے نے کوشش کا پھل کسی نہ کسی موڑ پر ضرور رکھ چھوڑا ہے۔ ان کے خواب ان کی محنت کو پروں کی طرح سہارا دیتے ہیں اور یہی پرواز بالآخر انہیں کامیابی کے آسمان پر لے جاتی ہے۔
معاشرہ تب آگے بڑھتا ہے جب وہ ہر طبقے کے بچوں کو نہ صرف تعلیم دے بلکہ ان کے اندر یقین اور ہمت بھی پیدا کرے۔ اس مزدور کے بیٹے کی کامیابی ہمیں سکھاتی ہے کہ اگر امکانات کم بھی ہوں تو کوششیں بڑی ہونی چاہئیں۔ انسان اپنی پہچان حالات سے نہیں بلکہ اپنے عمل سے بناتا ہے۔
آخر میں یہ سچ آنے والی نسلوں کے لیے ایک پیغام ہے کہ
مواقع کم ملتے ہیں مگر جو دل میں جلتی ہوئی لگن رکھتا ہو وہ ایک موقع سے پوری دنیا بدل سکتا ہے۔