28/07/2025
🪶__ڈاکٹر اے.پی.جے عبدالکلام کی 17 باتیں :
١) لوگوں پر اعتماد کرنے سے پہلے ان کو سمجھنے کی کوشش کریں کیونکہ ہم ایک ایسی دنیا میں رہتے ہیں جہاں تواضع کے وقت مہمانوں کو شربت میں لیموں کا مصنوعی رس پلایا جاتا ہے جبکہ ہاتھ دھلانے کی چلمچی میں اصل لیموں رکھا ہوتا ہے۔
٢) اگر تم اپنی ڈیوٹی کو سیلوٹ کرتے ہو تو تم کو کسی اور کو سیلوٹ کرنے کی ضرورت نہیں پڑے گی ،لیکن اگر تم اپنے کام کو عزت نہیں دیتے تو تم کو ہر کسی کو سیلوٹ کرنا پڑے گا۔
٣) زندگی کا نظریہ یہ ہے کہ ، جب سیلاب ہو تو مچھلی کیڑے کھاتی ہے ، اور جب پانی سوکھ جائے تو کیڑے مچھلی کھاتے ہیں۔زندگی کے چکر میں ہر ایک کو موقعہ ملتا ہے ، اسی لیے ہی ہم زندہ ہیں۔
٤) زندگی ایک کتاب کی طرح ہے ، کچھ ابواب خوشگوار ہیں ، کچھ غمگین، کچھ جذباتی۔لیکن اگر تم اس کتاب کا ورق نہیں پلٹو گے تو کبھی نہیں جان سکو گے کہ اگلا باب تمہیں کیا پیش کرتا ہے۔
٥) مثبت رویے کے بغیر ، کامیابی کو "قسمت" کہتے ہیں جبکہ مثبت رویے کے ساتھ حاصل کردہ کامیابی "کارنامہ" کہلاتی ہے۔
٦) آپ کو پر اعتماد اس وقت نہیں کہا جا سکتا جب آپ کے پاس سارے جواب ہوں ، بلکہ آپ اس وقت پر اعتماد ہوں گے جب آپ تمام سوالات کا سامنا کرنے کو تیار ہوں۔
٧) شاخ پر بیٹھا پرندہ کبھی اس کے ٹوٹنے سے خوفزدہ نہیں ہوتا کیونکہ اس کا بھروسہ شاخ پر نہیں بلکہ اپنے پروں پر ہوتا ہے۔
٨) زندگی کے اکثر مسائل دو وجہ سے ہیں پہلی، ہم سوچے بغیر کام کرتے ہیں۔ دوسری ، ہم کام کیے بغیر سوچتے رہتے ہیں۔
٩) سمندر کا سارا پانی کشتی کو ڈبو نہیں سکتا جب تک وہ اس کے اندر نہ داخل ہو، اسی طرح دنیا کی ساری برائیاں آپ کو کمزور نہیں کر سکتیں جب تک آپ ان کو اپنے اندر داخل ہونے کا موقعہ نہ دیں۔
١٠) ایک اچھی معذرت کے تین حصے ہوتے ہیں :
• مجھے معاف کر دیجیے۔
• غلطی میری تھی۔
• میں اس کو کیسے ٹھیک کر سکتا ہوں۔
ہمارے اکثر لوگ تیسرا حصہ فراموش کر دیتے ہیں۔
١١) سکے شور پیدا کرتے ہیں مگر نوٹ کوئی آواز نہیں دیتے۔جب تمہاری عظمت اور قدر بڑھ جائے تو عاجز اور خاموش رہو۔
١٢) جب ناخن بڑھتے ہیں تو ہم ناخن کاٹتے ہیں انگلیاں نہیں، اسی طرح جب غلط فہمی پیدا ہو تو اپنی انا کو کاٹو ، رشتے کو نہیں۔
١٣) اپنی اصلیت کسی دوسرے کی خاطر تبدیل نہ کرو، کیونکہ تمہارا کردار تم سے بہتر کوئی اور ادا نہیں کر سکتا۔
١٤) جب خدا تم کو آزمائش کے گڑھے میں پھینکے تو اس پر مکمل بھروسہ کرو ، دو کام ہوں گے : يا تو وہ آپ کو گرنے سے پہلے تھام لے گا یا پھر آپ کو اڑنا سکھائے گا۔
١٥) ہمیشہ اپنا کردار نمک کی طرح جداگانہ رکھو ، اس کی موجودگی کا کوئی احساس نہیں ہوتا مگر اس کا غیاب ہر شے پھیکی کر دیتا ہے۔
١٦) اکثر ، خوش آواز پرندے مگر بہت تھوڑے خوش گفتار انسان حسین ہوتے ہیں۔
١٧) اللہ غیر معمولی چیزیں اس شخص سے کروا لیتا ہے جو اس چیز کی قطعی کوئی پرواہ نہیں کرتا کہ اس کا سہرا کس کے سر بندھے گا۔اس سے پہلے کہ اللہ تم پر بھروسہ کرے اور تمہیں کامیابی عطا کرے تمہیں اپنی انا کی وابستگی ختم کر کے اپنی عاجزی ثابت کرنا ہو گی کہ تم واقعی اتنا بڑا انعام پانے کے مستحق ہو کہ نہیں!!